کراچی میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے شہر کا موسم خوشگوار بنا دیا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ تین سے چار دنوں کے دوران شہر قائد میں مزید تیز اور موسلا دھار بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں دن بھر بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی جن میں طارق روڈ، عزیز آباد، شارع قائدین، بوٹ بیسن، لیاقت آباد، ناظم آباد، حسن اسکوائر اور فیڈرل بی ایریا شامل ہیں۔
اسی طرح ایئرپورٹ، میٹرول پول، شاہ فیصل، کورنگی، بفرزون، سرجانی، کلفٹن، ڈیفنس، قیوم آباد، شارع فیصل، اسکیم 33، صفورا چورنگی اور ملیر کے اطراف بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ قائد آباد، شاہ فیصل کالونی، ماڈل کالونی، گرین ٹاؤن، وائرلیس گیٹ، کالونی گیٹ اور دیگر علاقوں میں رم جھم کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جبکہ گرومندر، نیا ناظم آباد، ڈی ایچ اے اور لیاری میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ بارش کے باعث کئی اہم سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی میں اگلے تین سے چار روز کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش جاری رہے گی جبکہ کل شہر میں مزید موسلا دھار بارش ہونے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ بارشیں 23 اگست تک جاری رہنے والے سسٹم کا حصہ ہیں اور اس دوران شہر میں دو سے تین بارشوں کے اسپیل آنے کا امکان ہے۔