شہرِ قائد کے مختلف علاقوں پر ایک بار پھر گہرے بادل چھا گئے جس کے نتیجے میں ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ گلشن معمار، احسن آباد اور اورنگی ٹاؤن سمیت کئی مقامات پر بادل چھانے کے بعد تیز ہوا چلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا اور درجہ حرارت میں معمولی کمی آئی۔
محکمہ موسمیات نے پہلے ہی پیش گوئی کی تھی کہ آج دوپہر سے کراچی میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوگا۔ ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر ضیغم کے مطابق آج شہر میں گزشتہ روز کے مقابلے میں زیادہ بارش متوقع ہے جس کے باعث اربن فلڈنگ کے امکانات کو رد نہیں کیا جا سکتا۔
مزید برآں، چیف میٹرولوجسٹ کراچی امیر حیدر لغاری نے کہا کہ بارش کے سسٹم کے ارد گرد ہواؤں کی گردش جاری ہے، اسی لیے بارش کے ساتھ ساتھ شہر میں معمول سے زیادہ تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج رات گئے سے بارش کا موجودہ سسٹم کمزور ہونا شروع ہوگا اور جمعہ کی صبح تک بتدریج ختم ہونے کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ نے مزید بتایا کہ جمعے اور ہفتے کے روز شہر کا مطلع مکمل ابر آلود رہے گا جبکہ اتوار اور پیر کو جزوی ابر آلود موسم متوقع ہے۔ مون سون سسٹم کے اثرات کے باعث آئندہ چند دنوں تک موسم معتدل رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہونے والی تیز بارش نے کراچی کے مختلف علاقوں میں نظامِ زندگی کو مفلوج کر دیا تھا، سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ آج کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ تاہم، حبس اور نمی کی شدت نے شہریوں کو سخت پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے۔