آسٹریلیا کی مقبول ترین کرکٹ لیگ بگ بیش لیگ کی فرنچائز میلبرن اسٹارز نے پاکستانی شائقین کے لیے ایک منفرد اقدام اٹھاتے ہوئے میلبورن کرکٹ اسٹیڈیم (MCG) میں خصوصی اسٹینڈ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس خصوصی حصے کو پاکستان کے تیز رفتار اور مشہور فاسٹ بولر حارث رؤف کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، جو برسوں سے میلبرن اسٹارز کی ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایم سی جی میں بننے والا یہ خصوصی اسٹینڈ ’’ہاؤس آف رؤف‘‘ کے نام سے جانا جائے گا۔ اس فیصلے کا مقصد پاکستانی شائقین کے ساتھ ساتھ جنوبی ایشیائی کمیونٹی کو بھی کھیل کے ساتھ مزید جوڑنا ہے۔ اس کے لیے حارث رؤف کو فرنچائز کی جانب سے مرکزی ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا ہے۔
حارث رؤف 2019 سے میلبرن اسٹارز کا حصہ ہیں اور اب تک بگ بیش لیگ کے 22 میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 36 وکٹیں اپنے نام کر چکے ہیں۔ ان کی شاندار پرفارمنس نے میلبرن اسٹارز میں ان کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے۔
میلبرن اسٹارز کے جنرل منیجر میکس ایبٹ نے اس اقدام کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف کرکٹ دیکھنے والوں کے لیے ایک منفرد ماحول تخلیق ہوگا بلکہ پاکستانی کلچر، کھانے اور موسیقی کے امتزاج کے ذریعے ایک یادگار تجربہ بھی فراہم کیا جائے گا۔ یہ اقدام کرکٹ آسٹریلیا کے ’’ملٹی کلچرل ایکشن پلان‘‘ کا حصہ ہے، جس کا مقصد کھیل میں مختلف ثقافتوں کو شامل کرنا ہے۔
یاد رہے کہ بگ بیش لیگ کا آغاز 14 دسمبر کو ہوگا جبکہ میلبرن اسٹارز 18 دسمبر کو ہوبارٹ ہریکینز کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔