فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے جمعرات کے روز سی ایس ایس 2025ء کے تحریری امتحانات کے نتائج کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ نتائج کے ساتھ کامیاب امیدواروں کی فہرست بھی ویب سائٹ پر جاری کردی گئی، جس کے مطابق کامیابی کی شرح انتہائی کم رہی۔
رپورٹ کے مطابق سی ایس ایس کے تحریری امتحان میں اس بار کُل 18 ہزار 139 امیدواروں نے درخواست دی، تاہم صرف 12 ہزار 792 امیدوار ہی امتحان میں شریک ہوئے۔ ان میں سے کامیاب ہونے والے امیدواروں کی تعداد محض 354 رہی، جو مجموعی طور پر 2.77 فیصد کامیابی کی شرح بنتی ہے۔
یہ شرح گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی خاصی کم رہی، جس سے ایک بار پھر یہ بات سامنے آئی کہ سی ایس ایس کا امتحان ملک کے سب سے مشکل ترین مقابلے کے امتحانات میں شمار ہوتا ہے۔