کراچی سے بھارت کی خفیہ ایجنسی ریسرچ اینڈ اینالائسس ونگ (را) کے خفیہ نیٹ ورک کو پکڑ لیا گیا ہے، جہاں انسداد دہشتگردی محکمے (سی ٹی ڈی) نے 8 جولائی کو گرفتار کیے گئے چار بھارتی ایجنٹس کی دہشت گردی کی سازشوں کا پردہ چاک کیا۔
سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) میں پریس کانفرنس کے دوران ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی آزاد خان نے انکشاف کیا کہ بھارتی ایجنسی نے کراچی میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے لیے اپنا مضبوط نیٹ ورک قائم کر رکھا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ایجنٹس کو خطیر رقم فراہم کی گئی جبکہ شہر میں دہشت گردوں کے سیف ہاؤسز بھی قائم تھے۔
ایڈیشنل آئی جی کے مطابق، سی ٹی ڈی نے 8 جولائی کو چار بھارتی ایجنٹس کو گرفتار کیا جو 18 مئی کو بدین میں عبدالرحمٰن نامی شہری کے قتل میں ملوث نکلے۔ اس قتل پر بھارتی میڈیا میں جشن منایا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ کارروائیوں کے پیچھے بیرون ملک مقیم سنجے سنجیو کمار عرف فوجی کا ہاتھ تھا، جو پورے نیٹ ورک کا ماسٹر مائنڈ تھا۔
مزید تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزمان نے ٹارگٹ کی کئی دن تک ریکی کی، حیدرآباد اور ماتلی میں قیام کیا اور پھر قتل کی واردات کو عملی جامہ پہنایا۔ واردات میں استعمال ہونے والے ہتھیار، موٹرسائیکل اور موبائل فونز بھی ان کے قبضے سے برآمد کر لیے گئے۔
پریس کانفرنس کے دوران کارروائی کی تفصیلات ایک چارٹ کے ذریعے دکھائی گئیں اور ملزمان کے روابط، مالی معاونت اور ٹریول ایجنسیوں کے تعلقات پر روشنی ڈالی گئی۔ آزاد خان نے کہا کہ تحقیقات کے نتیجے میں مزید بڑی گرفتاریاں متوقع ہیں اور دہشتگردوں کو قانون کے مطابق سزا دلا کر عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ قتل کیے گئے شہری کا کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں تھا، بلکہ وہ فلاحی کاموں میں بھرپور حصہ لینے کی وجہ سے علاقے میں مقبول تھے۔ ایڈیشنل آئی جی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے پہلے سے بھی کرمنل ریکارڈ موجود ہیں، اور یہی عناصر دشمن قوتوں کے ہاتھوں پراکسی کے طور پر استعمال کیے جا رہے ہیں۔
آزاد خان نے مزید کہا کہ بیرون ملک فرار ہونے والے مرکزی ملزم سلمان کی گرفتاری کے لیے وفاقی وزارت داخلہ کی مدد سے کوششیں کی جائیں گی۔