پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ان تمام خبروں کی واضح طور پر تردید کر دی ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان کی جگہ سلمان علی آغا کو کپتان بنایا جا رہا ہے، جبکہ ٹیسٹ ٹیم میں شان مسعود کی جگہ سعود شکیل کو قیادت سونپنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نہ تو سلیکشن کمیٹی کے کسی اجلاس میں اس معاملے پر بات ہوئی ہے اور نہ ہی کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹیگری میں کوئی تبدیلی کی گئی ہے۔ بورڈ نے زور دیا کہ اس حوالے سے تمام خبریں بے بنیاد اور محض افواہیں ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ محمد رضوان کو کپتانی سے ہٹا کر سلمان آغا کو ون ڈے ٹیم کی قیادت دی جائے گی اور شان مسعود کی جگہ سعود شکیل کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا جائے گا، تاہم پی سی بی نے ان تمام باتوں کو محض قیاس آرائی قرار دیا ہے۔