کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں منگل کے روز پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی ابتدائی تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں، جس میں کرنٹ لگنے کے باعث دو حقیقی بھائی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
کے الیکٹرک کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات کے ابتدائی نتائج سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ حادثے میں کے الیکٹرک کے انفرا اسٹرکچر کا کوئی کردار ثابت نہیں ہوا۔ ترجمان کے مطابق کرنٹ گھر کے اندر نصب لوہے کی گرل اور لوہے کے گیٹ میں موجود ایک اندرونی تار سے آیا، جس نے اس سانحے کو جنم دیا۔
یاد رہے کہ اس حادثے کے بعد مقتولین کے والد نے تھانہ شاہ فیصل کالونی میں ایف آئی آر درج کرائی تھی، جس میں کے الیکٹرک کے اعلیٰ حکام کو نامزد کیا گیا تھا۔ مقدمہ اس وقت درج کیا گیا جب طوفانی بارش کے دوران دونوں بھائیوں کو کرنٹ لگنے سے زندگی گنوانی پڑی۔
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ شاہ فیصل کالونی تھانے کی حدود میں ناتھا خان گوٹھ کے علاقے میں پیش آیا تھا، جہاں 21 سالہ مراد ولد سلطان اور اس کا 16 سالہ بھائی سراج ولد سلطان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ اس اندوہناک واقعے نے علاقے میں سوگ کی فضا قائم کر دی اور شہریوں میں بجلی کے نظام کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے۔