اسپین کی مشہور اور بین الاقوامی سطح پر پہچانی جانے والی اداکارہ ویرونیکا ایچیگوئی کینسر کے خلاف طویل جدوجہد کے بعد زندگی کی بازی ہار گئیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کا انتقال اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں ہوا۔
ویرونیکا ایچیگوئی نے اپنے فنی کیریئر کے دوران متعدد فلموں میں اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی جاندار اور منفرد پرفارمنس نے نہ صرف اسپین کے شائقین کو متاثر کیا بلکہ بیرونِ ممالک میں بھی انہیں پہچان اور شہرت دلائی۔
انہوں نے 2024 میں سیاسی نوعیت اور سنسنی خیز موضوع پر بنائی گئی فلم آرٹیفیشل جسٹس میں ایک جج کا کردار ادا کیا تھا، جس میں عدالتی نظام میں مصنوعی ذہانت کے ذریعے کی جانے والی سازشوں کو بے نقاب کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ اس کردار نے ان کی فنی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کیا اور انہیں ناظرین سے داد اور پذیرائی ملی۔