سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آج دن بھر پروازوں کی آمدورفت محدود رہے گی کیونکہ حالیہ شدید بارشوں کے نتیجے میں سیلابی پانی ایئرپورٹ کے اطراف داخل ہونا شروع ہوگیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق مسافروں اور عملے کی حفاظت کے پیشِ نظر صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک فضائی آپریشن معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایوی ایشن حکام نے فلائٹ آپریشن کی معطلی کے باضابطہ نوٹم جاری کر دیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ جنوبی جانب سے آنے والے سیلابی ریلے نے ایئرپورٹ کو گھیرنے کی کوشش کی جس کے بعد فوری طور پر عملہ اور مشینری متحرک کر دی گئی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پانی کے اخراج کے لیے ڈی واٹرنگ پمپ مسلسل کام کر رہے ہیں تاکہ رن وے اور حساس مقامات کو نقصان نہ پہنچے۔ حکام نے یہ بھی وضاحت کی ہے کہ ٹرمینل بلڈنگ، پارکنگ اور رن وے کے زیادہ تر حصے محفوظ ہیں اور ایئرپورٹ پر نصب تمام آلات محفوظ حالت میں ہیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رات 10 بجے کے بعد فلائٹ آپریشن دوبارہ معمول پر آ جائے گا۔