ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ چاہے حالات جنگ کے ہوں یا امن کے، پاک فوج ہمیشہ عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کسی بھی باطل قوت کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور صوبائی حکومتیں ہنگامی صورتحال میں متحرک ہیں اور پاک فوج مکمل طور پر ان کی معاونت کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں گزشتہ رات سے شدید سیلابی کیفیت ہے اور وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر امدادی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں فلڈ یونٹس کام کر رہے ہیں۔ اب تک سیلاب زدہ علاقوں میں 29 میڈیکل کیمپس قائم کیے جا چکے ہیں جبکہ ایک انجینئر بریگیڈ اور 30 یونٹس ریلیف آپریشن میں مصروف عمل ہیں۔ میڈیکل کیمپوں میں 20 ہزار سے زائد افراد کو طبی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں اور 28 ہزار سے زیادہ متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ 225 ٹن راشن بھی سیلاب متاثرین میں تقسیم کیا گیا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ کئی علاقوں میں پلوں اور شاہراہوں کی بحالی مکمل کر لی گئی ہے جبکہ بہت سے مقامات پر امدادی اور ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہیں۔ ان کارروائیوں کے دوران پاک فوج کے دو جوان شہید اور دو زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کرتارپور میں کشتیوں کے ذریعے ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں جو مشکلات کا شکار ہیں۔ گلگت بلتستان میں بھی ایئر ریلیف آپریشن کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ شاہراہ قراقرم کھول دی گئی ہے اور ضلع غذر کی شاہراہوں کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔