پاکستان کو امریکا میں مچھلی اور سمندری مصنوعات برآمد کرنے کی چار سالہ اجازت دے دی گئی ہے، جو ملکی برآمدات کے لیے ایک بڑی کامیابی تصور کی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چودھری نے اس حوالے سے کہا کہ امریکا کی منظوری پاکستان کی برآمدات کے استحکام کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس پاکستان نے دو لاکھ بیالیس ہزار ٹن مچھلی برآمد کی، اور امریکا کی جانب سے اجازت دراصل پاکستانی سی فوڈ کے معیار کا عالمی سطح پر اعتراف ہے۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ پاکستانی فشریز نے امریکی معیار پر مکمل طور پر پورا اترنے کا ثبوت دیا ہے، اور آئندہ سال پاکستان کی سمندری مصنوعات کی برآمدات چھ سو ملین ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ امریکا کی اجازت کے بعد سمندری مصنوعات کی برآمدات میں تسلسل ممکن ہو گیا ہے، جو مستقبل میں ملکی معیشت کے لیے حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔