پاکستان بھر میں آٹے کی قیمتوں میں حالیہ ہفتے کے دوران ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں عوام بالخصوص متوسط اور غریب طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہو گیا ہے۔
شماریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق صرف ایک ہفتے کے دوران بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 300 روپے تک کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ مختلف شرح سے ہوا۔ کراچی کے شہری اس وقت ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں، جہاں بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت بڑھ کر 2100 روپے تک جا پہنچی ہے۔
حالیہ ہفتے کے دوران کراچی، لاڑکانہ اور خضدار میں بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 300 روپے تک بڑھ گئی، جبکہ حیدرآباد اور سکھر میں یہی تھیلا 280 روپے مہنگا ہوا۔
ادھر کوئٹہ میں ایک ہفتے کے دوران بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 210 روپے کا اضافہ ہوا۔ اسی طرح اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، بنوں اور ملتان میں بھی بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 200 روپے تک بڑھ گئی۔ بڑھتی ہوئی قیمتوں نے شہریوں کی قوتِ خرید کو بری طرح متاثر کیا ہے اور اشیائے خورونوش میں مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھا دیا ہے۔