بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان ایک زرعی اراضی کی خریداری کے معاملے میں قانونی مشکلات میں گھر گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، کنگ خان کی صاحبزادی نے ممبئی کے علاقے علی باغ میں ایک قیمتی زرعی زمین کی خریداری کی ہے، جس کے دستاویزات میں انہیں غلط طریقے سے ‘کسان’ ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، سہانا خان نے یہ زرعی زمین تین بہنوں انجلی، ریکھا اور پریا سے تقریباً تیرہ کروڑ روپے میں خریدی ہے، جو درحقیقت ان بہنوں کی وراثتی جائیداد تھی۔ اس خریداری کے بعد سے سہانا خان کو قانونی مسائل کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق، سہانا خان کے پاس اس علاقے میں دو پلاٹس موجود ہیں جن کی مجموعی مالیت تقریباً بائیس کروڑ روپے بنتی ہے۔ یہ دونوں پلاٹس 2023 اور 2024 کے دوران خریدے گئے ہیں اور ڈیجاو فارمز پرائیویٹ لمیٹڈ کے نام پر رجسٹرڈ ہیں، جو کہ شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان کی والدہ اور بہنوئی کی ملکیت ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، زمین کی خریداری کے دوران دستاویزات میں سہانا خان کو مبینہ طور پر ‘کسان’ ظاہر کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے اب انہیں قانونی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یہ معاملہ مقامی قانون کے تحت زرعی زمین کی غیر زرعی مقاصد کے لیے منتقلی سے متعلق قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی سے متعلق بتایا جا رہا ہے۔