بیجنگ میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی ملاقات کے بعد ایک دلچسپ منظر دیکھنے میں آیا۔ جیسے ہی ملاقات ختم ہوئی، کم جونگ ان کے معاونین فوراً کمرے میں داخل ہوئے اور اپنے رہنما کی کرسی سمیت آس پاس کی چیزوں کو صاف کرنا شروع کر دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں صاف دکھائی دیتا ہے کہ عملہ نہ صرف کرسی کو صاف کر رہا ہے بلکہ اس کوشش میں ہے کہ رہنما کی موجودگی کے تمام نشانات ختم ہو جائیں۔ یہ منظر دیکھ کر صارفین میں حیرت کی لہر دوڑ گئی اور ویڈیو تیزی سے شیئر کی جانے لگی۔
روسی صحافی الیگزینڈر یوناشیف نے اپنے یوٹیوب چینل یوناشیو لائیو پر بتایا کہ کم جونگ ان کے عملے نے اپنے رہنما کے ڈی این اے کے کسی بھی ممکنہ نشان کو بڑی احتیاط کے ساتھ مٹا دیا۔ ان کے مطابق، جس کرسی پر کم جونگ ان بیٹھے تھے اور جو چیزیں انہوں نے ہاتھ لگائیں، سب کو اچھی طرح سے صاف کیا گیا۔
صحافی نے مزید بتایا کہ ملاقات کے دوران کم جونگ ان نے جس گلاس سے پانی پیا تھا، وہ بھی ان کے معاونین نے فوراً اپنے ساتھ لے لیا۔ یہ غیر معمولی احتیاط سب کی توجہ کا مرکز بنی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سخت احتیاط اور صفائی کے باوجود ملاقات کا ماحول خوشگوار رہا۔ رپورٹ کے مطابق دونوں رہنما نہایت مطمئن نظر آئے اور ایک ساتھ چائے بھی پی، جس سے یہ ظاہر ہوا کہ ملاقات مثبت انداز میں اختتام پذیر ہوئی