لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی بہن علیمہ خان کے بیٹے شیر شاہ کی ضمانت منظور کر لی ہے۔ عدالت نے یہ فیصلہ درخواست گزار کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد دیا۔
سماعت کے دوران شیر شاہ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اس مقدمے میں اب تک تفتیش مکمل نہیں ہوئی اور نہ ہی ملزم کے خلاف چالان پیش کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی شخص کو غیر معینہ مدت تک جیل میں قید رکھنا آئین اور انصاف کے اصولوں کے منافی ہے۔
وکیل نے مزید کہا کہ شیر شاہ کے خلاف کسی قسم کے ٹھوس شواہد موجود نہیں ہیں اور نہ ہی وہ کسی ہنگامہ آرائی یا توڑ پھوڑ میں براہِ راست ملوث پائے گئے ہیں، لہٰذا ان کے موکل کو ضمانت پر رہا کیا جانا چاہیے۔
یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ روز اسی مقدمے میں لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے بھانجے شاہ ریز خان کی ضمانت کی درخواست بھی منظور کی تھی۔ جناح ہاؤس حملے کے مقدمے میں شاہ ریز خان کے خلاف تھانہ سرور روڈ پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔