طورخم: پاکستان سے افغانستان جانے والے افغان شہریوں کی واپسی کا عمل بدستور جاری ہے۔ صوبائی محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کے مطابق گزشتہ روز طورخم بارڈر کے راستے مزید 2,491 افغان شہری اپنے وطن واپس چلے گئے۔ ان میں سے 746 افراد ایسے تھے جو ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔
محکمہ داخلہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اب تک صرف خیبرپختونخوا کے مختلف راستوں کے ذریعے 7 لاکھ 43 ہزار افغان شہری وطن واپس جا چکے ہیں۔ ان میں بڑی تعداد غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی تھی جنہیں پاکستان چھوڑنے پر مجبور کیا گیا۔
اعدادوشمار کے مطابق مجموعی طور پر 6 لاکھ 5 ہزار افغان شہری، جو پاکستان میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر تھے، واپس افغانستان بھیجے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ 89 ہزار پروف آف رجسٹریشن (POR) کارڈ ہولڈرز مہاجرین اور 48 ہزار افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو بھی ملک بدر کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق افغان شہریوں کی واپسی کا یہ سلسلہ بدستور جاری ہے اور آنے والے دنوں میں مزید افراد کے جانے کا امکان ہے۔