کراچی: شہر قائد میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں کی پیشگوئی کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ نے کمشنر آفس کے کنٹرول روم سے ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا۔
چیف سیکریٹری نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اور بلدیاتی عملہ فوری طور پر فیلڈ میں نکل کر عوامی سہولت کو یقینی بنائیں اور بارش کے دوران نکاسی آب کے مسائل پر خصوصی توجہ دیں۔ ان کے مطابق شہر بھر میں انتظامیہ کو نئے اسپیل کے لیے مکمل طور پر تیار رہنا ہوگا۔
کمشنر کراچی نے مزید ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور میونسپل کمشنرز فوری طور پر ندی نالوں اور نکاسی آب کی صورتحال کا جائزہ لیں اور ضرورت پڑنے پر نکاسی کے لیے مشینری تعینات کریں تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کو بھی ہدایت کی کہ بارش کے دوران ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو اور شہریوں کو محفوظ راستے فراہم کیے جائیں۔
اس موقع پر پی ڈی ایم اے سندھ نے بھی اپنی تیاریوں کو مکمل قرار دیا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ نے شاہراہ فیصل اور ڈرگ روڈ پر نصب کیے گئے ڈی واٹرنگ پمپس کا جائزہ لیا اور ان کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق شہر کی اہم شاہراہوں پر مجموعی طور پر 13 پمپس نصب کیے گئے ہیں جبکہ ہنگامی صورتحال میں مزید 3 پمپس فوری طور پر متعین مقامات پر پہنچائے جا سکتے ہیں۔
سلمان شاہ نے کہا کہ عملہ مکمل طور پر الرٹ ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں کیونکہ بارش مختلف اوقات میں وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔