کراچی: شہر قائد میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف اوقات میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق مون سون کا موجودہ سسٹم ڈپریشن کی صورت میں موجود ہے، جس کا مرکز اس وقت کراچی کے مغرب میں تقریباً 60 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ آئندہ چند گھنٹوں میں یہ ڈپریشن کم دباؤ کے نظام میں تبدیل ہونے کا امکان ہے، تاہم بارش برسانے والے بادل تاحال شہر کے مغربی حصوں میں موجود ہیں۔ آج دوپہر کے وقت کراچی کے مغربی اور جنوبی علاقوں میں کہیں کہیں موسلا دھار بارش متوقع ہے جبکہ ہلکی اور معتدل بارش کا سلسلہ رات گئے تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس سسٹم کے اثرات صرف کراچی تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ جامشورو، ٹھٹھہ اور سجاول میں بھی موسم بدلنے کا امکان ہے۔ البتہ سندھ کے دیگر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ کل کراچی میں موسم جزوی طور پر ابرآلود رہے گا اور کہیں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
شہر کے درجہ حرارت کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 سے 29 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 92 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ جنوب مشرقی سمت سے 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں