ایشیا کپ 2025 کے شیڈول کے اعلان کے بعد سے ہی بھارت میں انتہا پسند حلقے روایتی مخالفت پر اتر آئے ہیں اور پاکستان کے ساتھ شیڈول کیے گئے میچ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مخالفت کا یہ سلسلہ اس حد تک جا پہنچا کہ سپریم کورٹ میں پاک بھارت میچ پر پابندی عائد کرنے کے لیے باقاعدہ درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست پر سماعت کے دوران جسٹس جے کے مہیشوری اور جسٹس وجے بشنوئی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے معاملہ سننے سے انکار کرتے ہوئے مختصر ریمارکس دیے کہ “یہ صرف ایک میچ ہے”۔
عدالتی ریمارکس کے بعد بھارتی شدت پسند گروہوں کو بڑا جھٹکا لگا ہے جو اس میچ کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کر رہے تھے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 14 ستمبر کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔ اگر دونوں ٹیمیں دوسرے راؤنڈ تک پہنچیں تو مزید ایک میچ اور اگر فائنل میں جگہ بنائی تو تیسرا ٹاکرا بھی ممکن ہے۔