اسلام آباد:ملک میں جاری سیلابی صورتحال کے باعث ایم ڈی کیٹ امتحان کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا ہے۔ حالیہ بارشوں اور سیلاب نے مختلف صوبوں میں نظامِ زندگی مفلوج کر دیا ہے، جس کے باعث طلبہ اور والدین کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔
وفاقی وزیرِ صحت کی ہدایت پر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ امتحان اب نئی تاریخ پر منعقد ہوگا۔ کونسل کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا امتحان اب اتوار، 26 اکتوبر کو لیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امتحانی مراکز تک پہنچنا طلبہ کے لیے مشکل تھا، اسی لیے انہیں مناسب وقت دینے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ نئے شیڈول کے مطابق تمام انتظامات مکمل کیے جائیں گے تاکہ طلبہ بغیر کسی رکاوٹ کے امتحان دے سکیں۔