حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اربن فلڈنگ پر قابو پانے اور اس کے نقصانات کو کم کرنے کے لیے ایک نیا لائحہ عمل اور جامع پالیسی تیار کی جائے۔ ملک کے مختلف حصوں میں حالیہ شدید بارشوں اور تباہ کن سیلابی صورتحال کے بعد وزارتِ موسمیاتی تبدیلی فعال کردار ادا کر رہی ہے۔
وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کے حکام کے مطابق وزیراعظم نے وزارت کو ہدایت دی ہے کہ اربن فلڈنگ اور جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف فوری اقدامات کیے جائیں۔ اس کے ساتھ ہی وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ کلائمیٹ ریزیلینس ایکشن پلان کے اہداف مرتب کریں تاکہ مستقبل میں ممکنہ خطرات کو کم کیا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ وزارتِ موسمیاتی تبدیلی صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی کوآرڈینیشن کرے گی۔ اس مقصد کے لیے صوبوں سے مشاورت لی جائے گی تاکہ اربن فلڈنگ کو روکا جا سکے اور جنگلات کے کٹاؤ کو مؤثر حکمت عملی کے ذریعے محدود کیا جا سکے۔
مزید برآں، شہری علاقوں میں نکاسیٔ آب کے نظام کو بہتر بنانے پر خاص توجہ دی جائے گی۔ وزارت صوبوں سے اس حوالے سے تجاویز لے کر ایک مربوط پالیسی بنائے گی تاکہ آئندہ آنے والے ممکنہ سیلابی خطرات کو کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔