کراچی: وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ ایچ پی وی سے بچاؤ کی ویکسین لگانا نہایت ضروری ہے کیونکہ یہ خواتین کی صحت کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ذاتی طور پر ایسے کئی کیسز دیکھے ہیں جن میں خواتین سروائیکل کینسر کے باعث جان کی بازی ہار گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے اس مرض کی تشخیص اکثر بہت دیر سے ہوتی ہے کیونکہ اس کی ابتدائی علامات معمولی اور غیر واضح ہوتی ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ جب مرض آخری اسٹیج پر پہنچتا ہے تو یہ نہ صرف تکلیف دہ بلکہ جان لیوا بھی ثابت ہوتا ہے۔
ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ سروائیکل کینسر ایک وائرس کے باعث ہوتا ہے اور یہ دنیا کا واحد کینسر ہے جس کی تشخیص ممکن ہے اور اس سے بچاؤ کے لیے ویکسین موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہماری مائیں اور بہنیں ہی اس قوم کو آگے لے کر جائیں گی، خواتین کے اندر بے پناہ طاقت ہے۔”
انہوں نے اس مہم کو لانچ کرنے کے موقع پر صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ اور سماجی کارکن شہزاد رائے کا شکریہ بھی ادا کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے کہا کہ انہیں وزیر صحت نے آگاہ کیا کہ بعض اسکول ویکسی نیشن مہم میں تعاون نہیں کر رہے۔ اس پر انہوں نے فوری طور پر احکامات جاری کیے کہ تمام اسکول اس مہم میں مکمل تعاون کریں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ “اس مہم میں میری کسی بھی سطح پر ضرورت پڑی تو میں حاضر ہوں، یہ ویکسین بچیوں کے لیے نہایت اہم ہے۔”