پاکستان اور بھارت ایک بار پھر ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے، تاہم اس بار یہ مقابلہ کرکٹ کے میدان میں نہیں بلکہ جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں جاری ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ہوگا۔
جویلین تھرو ایونٹ میں پاکستان کے اسٹار ایتھلیٹ ارشد ندیم اور بھارت کے اولمپک چیمپئن نیرج چوپڑا براہِ راست ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ اس ایونٹ میں جرمنی کے مشہور جویلین تھروور ویبر سمیت دیگر عالمی کھلاڑی بھی حصہ لے رہے ہیں۔
چیمپئن شپ کے شیڈول کے مطابق بدھ کے روز جویلین تھرو کا کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلا جائے گا، جو پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 4 بج کر 45 منٹ پر شروع ہوگا۔ اس راؤنڈ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے صرف آٹھ ایتھلیٹس کو فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کا موقع ملے گا، جو جمعرات کو منعقد ہوگا۔
اس اہم ایونٹ سے قبل ارشد ندیم نے اپنے ایک پیغام میں پوری قوم سے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “جس طرح پیرس اولمپکس میں پوری قوم نے میرا ساتھ دیا، اسی طرح اب بھی دعا کریں کہ میں پاکستان کے لیے ایک بار پھر شاندار کارکردگی دکھا سکوں۔”
ارشد ندیم نے کہا کہ انہوں نے بھرپور محنت کی ہے اور ان کی پوری کوشش ہوگی کہ ایک بار پھر پاکستان کا نام عالمی سطح پر فخر سے بلند کریں۔