لاہور: جوہر ٹاؤن پولیس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایشیا کپ اور غیر ملکی لیگز کے میچز پر آن لائن جواء کروانے والے 4 بکیوں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عبدالحفیظ، غلام مرتضیٰ، علی رضا اور حمزہ نواز کے ناموں سے ہوئی ہے۔ یہ افراد کرکٹ میچز پر بڑے پیمانے پر آن لائن جواء کروا رہے تھے اور حالیہ پاک بھارت ایشیا کپ میچ پر بھی ان کی جانب سے بھاری رقوم کا جوا لگایا گیا تھا۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 4 موبائل فونز اور 40 ہزار 500 روپے سے زائد نقد رقم برآمد کی گئی۔ ابتدائی تحقیقات سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ملزمان نہ صرف ایشیا کپ بلکہ انٹرنیشنل کرکٹ ورلڈ کپ میچز پر بھی جواء کروانے میں سرگرم تھے۔ مزید یہ کہ وہ مختلف موبائل ایپلیکیشنز کے ذریعے گروپ جواء کرانے کے نیٹ ورک سے بھی منسلک تھے۔
ایس پی صدر رانا حسین طاہر نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس گروہ کے دیگر کارندوں تک بھی رسائی حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے بروقت اور کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او جوہر ٹاؤن اور ان کی ٹیم کو شاباش بھی دی۔