ایشیا کپ میں میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے حوالے سے پیدا ہونے والا تنازع مزید شدت اختیار کر گیا ہے، اور پاکستان کے سخت اور دو ٹوک مؤقف کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے پاس متنازع میچ ریفری کو ہٹانے کے سوا کوئی دوسرا راستہ باقی نہیں رہا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک بار پھر آئی سی سی کو خط لکھ کر میچ ریفری کی تبدیلی کا مطالبہ دہرایا ہے۔ اس سے قبل پی سی بی نے اس معاملے پر اعتراضات اٹھائے تھے جنہیں آئی سی سی نے مسترد کر دیا تھا۔ تاہم، تازہ جوابی خط میں پی سی بی نے اپنے سخت مؤقف کو برقرار رکھتے ہوئے اینڈی پائی کرافٹ کے خلاف ایکشن نہ لینے کے فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے واضح طور پر آئی سی سی کو آگاہ کیا ہے کہ اینڈی پائی کرافٹ کی نگرانی میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان ٹیم شرکت نہیں کرے گی۔ مزید برآں، پی سی بی نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو بائیکاٹ کے مؤقف پر قائم رہا جائے گا۔ خط میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے کی جانے والی انکوائری محض ایک رسمی کارروائی تھی، جس میں نہ تو تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور نہ ہی متعلقہ افراد سے مؤثر رابطہ کیا گیا۔
پاکستان نے زور دیا ہے کہ تمام تحفظات کو دور کرنے اور باضابطہ طور پر مطالبہ تسلیم کیے جانے کے بعد ہی ٹیم میدان میں اترنے پر رضامندی ظاہر کرے گی۔ پی سی بی کے اس مضبوط اور غیر لچکدار مؤقف کے بعد آئی سی سی کو سخت دباؤ کا سامنا ہے اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ میچ ریفری کے حوالے سے جلد کوئی باضابطہ اعلان سامنے آ سکتا ہے۔