پاکستانی کرکٹ ٹیم آج ایشیا کپ میں شام کے وقت متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ کھیلنے کے لیے پُرعزم ہے۔ ٹیم ذرائع کے مطابق تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور میچ شیڈول کے مطابق ہی ہوگا۔
واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان اینڈی پائی کرافٹ کے بغیر ہی میچ کھیلے گا کیونکہ پی سی بی نے انہیں بطور میچ ریفری قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور یو اے ای کے میچ میں ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان رچی رچرڈسن کو بطور میچ ریفری مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے متنازع میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو تبدیل نہ کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو ایک اور خط ارسال کیا اور اپنا سخت مؤقف برقرار رکھا۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے واضح پیغام دیا ہے کہ اگر مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو بائیکاٹ کے مؤقف پر قائم رہا جائے گا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ تمام تحفظات دور ہونے اور مطالبہ تسلیم کیے جانے کے باضابطہ اعلان کے بعد ہی پاکستان کھیلنے کے لیے آمادگی ظاہر کرے گا۔ یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ ویب سائٹ نے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ آئی سی سی نے پاک بھارت میچ کے لیے اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کی پاکستان کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
پاکستان نے 15 ستمبر کو بھارت کے خلاف میچ کے دوران پیش آنے والے ہینڈ شیک معاملے پر اینڈی پائی کرافٹ کو ایشیا کپ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا اور اعلان کیا تھا کہ اگر ریفری تبدیل نہ کیا گیا تو ٹیم مزید میچز میں حصہ نہیں لے گی۔