ایشیا کپ 2025 کے ایک اہم میچ میں افغانستان کے کپتان راشد خان کی ایک دلچسپ غلط فہمی نے کرکٹ شائقین کو ہنسی پر مجبور کر دیا اور سوشل میڈیا پر یہ لمحہ فوری طور پر موضوعِ بحث بن گیا۔
گزشتہ روز سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے میچ کے دوران راشد خان بولڈ آؤٹ ہوئے، لیکن انہیں اندازہ ہی نہ ہوا کہ گیند وکٹوں سے ٹکرا چکی ہے۔ وہ سمجھ بیٹھے کہ امپائر نے انہیں ایل بی ڈبلیو قرار دیا ہے۔ اسی غلط فہمی کے تحت انہوں نے فوری طور پر امپائر سے ری ویو کی اپیل کر دی۔
راشد خان کی اپیل پر امپائر اور سری لنکن بولر نے انہیں آگاہ کیا کہ دراصل وہ بولڈ ہو چکے ہیں اور ری ویو لینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اس صورتحال پر راشد کے تاثرات اور ردعمل نے اس لمحے کو مزید دلچسپ بنا دیا۔
افغان کپتان کی اس غلط فہمی کے بعد سوشل میڈیا پر شائقین نے ان کے اس انداز کو مزاحیہ قرار دیا اور دلچسپ تبصرے شروع کر دیے۔ کئی صارفین نے اسے ایشیا کپ کے یادگار اور منفرد لمحات میں شمار کیا، جبکہ کچھ نے کہا کہ یہ واقعہ کرکٹ کی دنیا میں مزاحیہ غلطیوں کی ایک اور مثال ہے۔