کراچی میں کھیلے گئے ایشیا کپ 2025 کے سپر فور میچ کے دوران فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے فیصلے پر سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے شدید ردعمل دیا ہے۔ میچ کے بعد ایک ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ فخر زمان آؤٹ نہیں تھے اور شک کی صورت میں بیٹسمین کو فائدہ دیا جانا چاہیے تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حیران کن طور پر اتنے کیمروں کی موجودگی کے باوجود درست زاویہ دستیاب نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ 26 کیمروں کے باوجود مناسب اینگل نہیں دکھایا گیا اور جو اینگل پیش کیے گئے ان میں سے ایک میں گیند سامنے سے لگتی ہوئی دکھائی دی۔ شعیب اختر کا کہنا تھا کہ اگر فخر میدان میں موجود رہتے تو شاید میچ کا نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا۔
شعیب اختر نے تھرڈ امپائروں کے معیار پر بھی سوال اٹھائے اور کہا کہ ایسی صورتحال میں فیصلہ بالکل واضح ہونا چاہیے کہ گیند نے زمین کو چھوا ہے یا نہیں، لیکن ری پلے دیکھنے سے فیصلہ متضاد محسوس ہوا۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بھی فخر زمان کے آؤٹ پر اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں لگا گیند زمین پر لگی، لیکن حتمی فیصلہ بہرحال امپائر کا ہی ہوتا ہے۔