قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کے فائنل میں ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ سری لنکا کے خلاف میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کو یقین ہے کہ ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھارتی ٹیم سے دوبارہ سامنا ہوگا۔
بھارت کے خلاف سپر فور مرحلے کے میچ میں نصف سنچری اسکور کرنے اور مخصوص انداز میں جشن منانے پر گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ وہ عام طور پر نصف سنچری کے بعد خوشی کا اظہار نہیں کرتے، لیکن اس بار یہ خیال اچانک ذہن میں آیا کہ کچھ منفرد انداز میں جشن مناؤں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کی پروا نہیں کہ لوگ ان کے جشن کے بارے میں کیا رائے رکھتے ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ فخر زمان کے ساتھ اوپننگ کرنے سے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور آئندہ بھی اسی کمبی نیشن کو برقرار رکھا جائے گا۔
یہ بات یاد رہے کہ پاکستان کو سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں بھارت کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان ٹیم اپنا دوسرا میچ آج سری لنکا کے خلاف اور تیسرا میچ 25 ستمبر کو بنگلادیش کے خلاف کھیلے گی۔ سپر فور مرحلے کی ٹاپ ٹو ٹیمیں 28 ستمبر کو فائنل کھیلیں گی۔