سندھ میں جاری حالیہ انسداد پولیو مہم کے دوران بڑی تعداد میں والدین نے بچوں کو قطرے پلانے سے انکار کردیا ہے۔ وزارت صحت کے ذرائع کے مطابق صوبے میں 35 ہزار والدین نے بچوں کو پولیو ویکسین پلانے سے انکار کیا، جن میں سے 34 ہزار والدین کا تعلق صرف کراچی سے ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق کراچی کے ضلع شرقی میں سب سے زیادہ انکار کے کیس سامنے آئے، جہاں 8 ہزار سے زائد والدین نے اپنے بچوں کو ویکسین پلانے سے انکار کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ یکم سے 7 ستمبر تک صوبے کے 25 اضلاع میں انسداد پولیو مہم چلائی گئی، جس کے دوران کراچی میں 21 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ تاہم بڑے پیمانے پر انکار کے باعث مہم کے نتائج پر منفی اثر پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ماہرین صحت نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کو پولیو ویکسین سے محروم رکھنا ان کی صحت اور مستقبل کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ انسداد پولیو مہم میں بھرپور تعاون کریں تاکہ ملک سے اس بیماری کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔