دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ جاری ہے، کوٹری بیراج پر پانی کی آمد مزید بڑھ گئی ہے جس کے بعد بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق کوٹری بیراج پر پانی کا بہاؤ بڑھ کر 3 لاکھ 98 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے، جبکہ گڈو بیراج پر پانی کا بہاؤ کم ہو کر معمول پر آگیا ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے ستلج میں بھی پانی کی آمد میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی سطح کم ہو کر 54 ہزار کیوسک تک رہ گئی ہے اور وہاں نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ہیڈ اسلام اور ہیڈ سلیمانکی پر بھی پانی کے بہاؤ میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے، تاہم ان مقامات پر بھی نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔