پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 میں شرکت کے لیے کپتان فاطمہ ثنا کی قیادت میں کولمبو پہنچ گئی ہے۔ ٹیم کے پہنچنے کے بعد باقاعدہ تیاریاں کل سے شروع ہوں گی۔
رپورٹس کے مطابق قومی ویمنز ٹیم کا پہلا ٹریننگ سیشن 25 ستمبر کو دوپہر 2 بجے (مقامی وقت کے مطابق) ہوگا۔ ٹیم انتظامیہ نے مکمل ٹریننگ شیڈول تیار کر لیا ہے جس میں کھلاڑیوں کی فٹنس، فیلڈنگ اور نیٹ پریکٹس پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ پلیئرز بہترین تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں۔
ٹورنامنٹ سے قبل پاکستان ٹیم دو وارم اپ میچز بھی کھیلے گی۔ پہلا وارم اپ میچ 25 ستمبر کو میزبان سری لنکا کے خلاف ہوگا جبکہ دوسرا وارم اپ میچ 28 ستمبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا جائے گا۔
ورلڈ کپ کے لیگ مرحلے میں پاکستان کا پہلا میچ 2 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف ہوگا، جس کے بعد 5 اکتوبر کو قومی ٹیم روایتی حریف بھارت کا سامنا کرے گی۔ پاکستان کا تیسرا میچ 8 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف، چوتھا 15 اکتوبر کو انگلینڈ کے خلاف، پانچواں 18 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف، چھٹا 21 اکتوبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف اور ساتواں و آخری لیگ میچ 24 اکتوبر کو ایک بار پھر سری لنکا کے خلاف شیڈول ہے۔