اداکارہ صائمہ قریشی نے ایک مرتبہ پھر مردوں کی دوسری شادی کے حوالے سے اپنے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ مردوں کو غیر ازدواجی تعلقات قائم کرنے کے بجائے نکاح کو ترجیح دینی چاہیے۔ ان کے مطابق تقریباً 95 فیصد مرد دوسری شادی کرنے کے خواہش مند ہوتے ہیں۔
صائمہ قریشی نے حال ہی میں ایف ایچ ایم پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اس موضوع پر کھل کر گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مردوں کو افیئرز چلانے کا شوق ہے تو بہتر ہے کہ وہ کسی کی ذمہ داری اٹھائیں، کیونکہ ایک مرد کی غلطی پوری نسل کو متاثر کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی مرد کسی کے جذبات کے ساتھ کھیلتا ہے یا جھوٹے خواب دکھاتا ہے تو اسے یہ سوچنا چاہیے کہ اس کی اپنی اولاد بھی بڑی ہو رہی ہے، لہٰذا ایسے تعلقات سے بہتر ہے کہ نکاح کیا جائے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب مرد غیر ازدواجی تعلقات قائم کرتے ہیں تب وہ نہیں ڈرتے، تو پھر نکاح کرنے اور اپنی بیوی کو اعتماد میں لینے میں بھی ہچکچاہٹ نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے خود ایسے کئی مرد دیکھے ہیں جو اپنی دونوں بیویوں کے ساتھ خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں۔
صائمہ قریشی کے مطابق دین میں دوسری شادی کے لیے پہلی بیوی کی اجازت شرط نہیں ہے، تاہم اسے آگاہ ضرور کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی خواتین اپنے شوہروں کی دوسری شادی خود کرواتی ہیں اور اس کی مثالیں میڈیا میں بھی موجود ہیں۔
یاد رہے کہ فروری 2025 میں بھی صائمہ قریشی نے اسی یوٹیوب چینل کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مردوں کو دوسری شادی کے لیے پہلی بیوی کی اجازت لینے کی ضرورت نہیں اور غیر ازدواجی تعلقات رکھنے کے بجائے نکاح کو ترجیح دینی چاہیے۔