وفاقی وزیر داخلہ اور پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر فٹبال لیجنڈ کرسٹیانو رونالڈو کی ایک سلو موشن ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ ہاتھ کے اشارے سے جہاز گرنے کی جانب اشارہ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ یہ انداز بالکل ویسا تھا جیسا ایشیا کپ کے دوران پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف نے بھارتی شائقین کے طعنوں کا جواب دیتے ہوئے اپنایا تھا۔
رونالڈو کی یہ ویڈیو رافیل طیارے کے گرنے کے تناظر میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جسے پاکستانی صارفین نے بڑے جوش و خروش سے انجوائے کیا۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا اور شائقین اسے “ٹرولنگ” قرار دے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ حارث رؤف کے اس انداز پر بھارتی میڈیا نے شدید اعتراض کیا تھا اور بی سی سی آئی نے آئی سی سی میں باقاعدہ شکایت بھی درج کرائی تھی۔ اب رونالڈو کے اشارے کو “رافیل یاد دہانی” کہا جا رہا ہے اور سوشل میڈیا صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔
یہ واقعہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ میدان کے باہر بھی پاک بھارت مقابلہ جاری ہے، اور اب اس مقابلے میں دنیا کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا نام بھی شامل ہو چکا ہے۔