پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ایشیا کپ کے تاریخی فائنل سے قبل کھلاڑیوں کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا ہے، جہاں پاکستان اور بھارت پہلی بار آمنے سامنے ہوں گے۔
بنگلادیش کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں شکست دینے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ کھلاڑیوں کو اپنی تمام تر توجہ کھیل پر مرکوز رکھنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دباؤ والے میچز میں جذبات اور جوش آنا ایک فطری عمل ہے، لیکن اصل کامیابی اس وقت ملتی ہے جب توانائی صرف اور صرف کھیل پر صرف کی جائے۔
ہیڈ کوچ نے اعتراف کیا کہ بھارت کے خلاف پہلا میچ پاکستان کے لیے مشکل ثابت ہوا تھا اور کارکردگی کمزور رہی، تاہم دوسرے میچ میں ٹیم نے نمایاں بہتری دکھائی اور بھرپور فائٹ کی۔
انہوں نے اپنی ٹیم کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف پچھلے میچ میں لمبے عرصے تک حریف کو دباؤ میں رکھا گیا، لیکن اصل امتحان یہ ہے کہ اس دباؤ کو پورے میچ کے دوران برقرار رکھا جائے تاکہ فیصلہ کن فتح حاصل ہو۔
مائیک ہیسن نے مزید کہا کہ ٹیم نے حالیہ کامیابیوں کے نتیجے میں نیا اعتماد حاصل کیا ہے اور کھلاڑی اس تاریخی موقع کو جیت میں بدلنے کے لیے پرعزم ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بھارت آٹھ بار ایشیا کپ کا چیمپئن بن چکا ہے جبکہ پاکستان صرف دو بار یہ اعزاز اپنے نام کر پایا ہے۔ پاکستان نے آخری بار 2012 میں ٹرافی جیتی تھی۔ اس بار ٹورنامنٹ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان اور بھارت فائنل کھیلیں گے، جو اتوار کے روز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔