ایشیا کپ میں ٹرافی نہ ملنے کے واقعے نے بھارتی کرکٹ ٹیم کو نہ صرف میدان میں بلکہ سوشل میڈیا پر بھی ناپسندیدہ صورتِ حال سے دوچار کر دیا۔ ٹورنامنٹ کے بعد بھارتی کھلاڑیوں کے حیرت انگیز اور غیر روایتی انداز کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔
بھارتی کھلاڑیوں نے اصل ٹرافی نہ ملنے پر سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے فرضی تصویروں کا سہارا لیا۔ اوپنر ابھیشک شرما اور شبھمن گل نے اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں دونوں ایک فرضی ایشیا کپ ٹرافی کے ساتھ کھڑے نظر آ رہے ہیں۔ یہ تصاویر دیکھتے ہی دیکھتے کرکٹ مداحوں میں موضوعِ بحث بن گئیں۔ شائقین نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب اصل ٹرافی ہی نہیں ملی تو فرضی تصویروں سے کیا حاصل ہوگا اور یہ رویہ کھیل کے وقار کے منافی ہے۔
یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب بھارتی ٹیم نے صدر ایشین کرکٹ کونسل، محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے صاف انکار کر دیا۔ جس پر ٹرافی میدان سے واپس منگوا لی گئی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا تھا کہ کھلاڑی ٹرافی وصول نہیں کریں گے۔ اس اقدام نے شائقین اور ماہرین کرکٹ کو حیران کر دیا، جنہوں نے اسے اسپورٹس مین اسپرٹ کے منافی قرار دیا۔
ادھر فائنل میچ کے بعد بھارتی کپتان سوریا یادیو پریس کانفرنس میں سخت سوالات کی زد میں آگئے۔ صحافیوں نے ان سے پورے ٹورنامنٹ کے دوران اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزیوں کے بارے میں پوچھا مگر وہ براہِ راست جواب دینے کے بجائے سوالات کو گول کرتے رہے۔
سوریا یادیو نے کہا کہ اپنے کرکٹ کیریئر میں انہوں نے کبھی ایسا نہیں دیکھا کہ ٹرافی جیتنے والی ٹیم کو نہ دی گئی ہو۔ تاہم وہ شرمندگی کے بجائے شکوہ کرتے دکھائی دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم نے پورے ایشیا کپ میں اچھی کرکٹ کھیلی لیکن ٹرافی ہمیں نہیں ملی۔ کپتان نے مزید کہا کہ “ہم نے ٹرافی کو محسوس کرلیا ہے چاہے وہ ہمیں دی نہ گئی ہو۔”