پاکستان کے معروف کامیڈی شو ہوسٹ اور اسٹینڈ اپ کامیڈین تابش ہاشمی اب اپنی مزاحیہ میزبانی کے بعد فلمی دنیا میں قدم رکھنے جا رہے ہیں۔ کامیڈی اور حاضر جوابی کے منفرد انداز سے شہرت پانے والے تابش ہاشمی طویل عرصے سے اداکاری کی خواہش رکھتے تھے اور متعدد انٹرویوز میں اس خواہش کا کھل کر اظہار بھی کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں ایسا اسکرپٹ ملا جو ان کے مزاج اور شرائط سے ہم آہنگ ہو تو وہ ضرور اداکاری کریں گے۔ اب ایسا لگ رہا ہے کہ ان کا یہ خواب حقیقت بننے جا رہا ہے۔
شوبز ویب سائٹ “گیلیکسی لالی وڈ” کی رپورٹ کے مطابق تابش ہاشمی اپنی پہلی فلم میں پاکستان کے صفِ اول کے اداکار فہد مصطفیٰ اور مقبول اداکارہ ماہرہ خان کے ساتھ نظر آئیں گے۔ یہ خبر شوبز کے حلقوں میں کافی پذیرائی حاصل کر رہی ہے۔
فلم ایک رومانوی کامیڈی ہوگی جس کی ہدایتکاری بلال عاطف خان کریں گے، جبکہ پروڈکشن کی ذمہ داری فہد مصطفیٰ کے بینر “بگ بینگ انٹرٹینمنٹ” کے تحت انجام پائے گی۔ یہ پروڈکشن ہاؤس ڈراموں میں کامیابی کے بعد پہلی بار بڑی اسکرین پر بڑا پروجیکٹ کرنے جا رہا ہے اور اسے ان کی فلمی دنیا میں بڑی انٹری سمجھا جا رہا ہے۔
اس خبر کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔ ماہرہ خان کے مداح اس پروجیکٹ کو لے کر پرجوش ہیں اور تینوں فنکاروں کو ایک ساتھ دیکھنے کے منتظر ہیں۔ تاہم کچھ شائقین، خصوصاً ہانیہ عامر کے مداحوں نے سوال اٹھایا ہے کہ فلم میں انہیں کیوں شامل نہیں کیا گیا، کیونکہ ماضی میں فہد مصطفیٰ نے اعلان کیا تھا کہ بگ بینگ انٹرٹینمنٹ کی پہلی فلم میں ہانیہ عامر کو کاسٹ کیا جائے گا۔
تابش ہاشمی کے کیریئر پر نظر ڈالیں تو وہ ایک طویل عرصے تک انڈرریٹیڈ اسٹینڈ اپ کامیڈین کے طور پر کام کرتے رہے۔ کامیڈی کے سفر کے ساتھ ساتھ انہوں نے کینیڈا میں کچھ عرصہ بطور لاجسٹکس مینیجر بھی گزارا، لیکن ان کی اصل پہچان کامیڈی ہی بنی۔
سال 2023 میں انہوں نے کامیڈی ٹاک شوز کی میزبانی شروع کی، جہاں ان کی حاضر جوابی اور بے تکلف گفتگو نے نوجوان نسل خصوصاً جین زی میں انہیں بے پناہ مقبول بنا دیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے تابش ہاشمی کا نام کامیڈی کی دنیا میں نمایاں ہو گیا اور اب وہ بڑے پردے پر ایک نئے سفر کے آغاز کے لیے تیار ہیں۔