فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں اچانک 80 سینئر افسران کے ملک گیر سطح پر تبادلے اور تقرریوں کے باعث ادارے میں ہلچل مچ گئی۔
ذرائع کے مطابق کراچی، اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی اور پشاور سمیت ملک کے بڑے ٹیکس مراکز اور کسٹمز فارمیشنز کے ڈائریکٹر جنرل، کلیکٹرز، کمشنرز اور ممبران کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ تقرریاں اور تبادلے بی ایس 19، 20 اور 21 کے سینئر افسران سے متعلق ہیں، جنہیں فوری طور پر نئے عہدوں کا چارج سنبھالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
منگل، 11 نومبر کو ایف بی آر میں جاری ہونے والے نوٹیفکیشنز کے بعد ادارے کے مختلف دفاتر میں غیر معمولی سرگرمی دیکھنے میں آئی۔ حکام نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ چارج سنبھالنے کے بعد اپنی رپورٹ فوری طور پر ایف بی آر ہیڈکوارٹر کو ارسال کریں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ وسیع پیمانے پر تبادلے ایف بی آر کے انتظامی ڈھانچے کو ازسرِ نو منظم کرنے کے سلسلے کی ایک بڑی کڑی ہیں۔