محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آج رات گئے گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہونے کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالرشید کے مطابق کراچی میں آج رات گئے گزشتہ ماہ جیسی تیز بارش ہونے کا امکان ہے تاہم سوشل میڈیا پر طوفان اور خطرناک بارش سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم ابرآلود رہے گا جب کہ کراچی سمیت کوئٹہ، ژوب، مکران، قلات ڈویژن، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے چند مقامات پر بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ میں کم سےکم درجہ حرارت منفی ایک، زیارت میں درجہ حرارت 4، قلات میں 5 جب کہ ژوب میں درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تربت، سبی اور جیونی میں درجہ حرارت 15، گوادر میں17، لسبیلہ 16، خضدار 3 اور نوکنڈی میں درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مری میں دو روز سے جاری برفباری تھمنے کے بعد دھوپ نکل آئی ہے لیکن موسم شدید سرد ہے۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں صبح سویرے دھند کا راج ہے جب کہ جنوبی وزیرستان کے بالائی علاقوں میں برفباری رکنے کے بعد موسم ابرآلود ہے۔
دوسری جانب آزاد کشمیر میں نکیال اور میرپور سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارش اور برفباری تھم گئی ہے جب کہ مظفرآباد میں صبح سویرے سے دھند کا راج ہے۔