انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور نے پاکستان تحریکِ انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کی تین مقدمات میں دائر ضمانت کی درخواستوں پر پراسیکیوشن کو مقدمات کا مکمل ریکارڈ پیش کرنے کے لیے آخری مہلت فراہم کر دی ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی، تاہم پراسیکیوشن کی جانب سے ایک مرتبہ پھر مقدمات کا ریکارڈ پیش نہ کیا جا سکا، جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔
سماعت کے دوران شاہ محمود قریشی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ پراسیکیوشن جان بوجھ کر ضمانت سے متعلق فیصلے کو تاخیر کا شکار بنا رہی ہے، اور یہ واضح کیا جائے کہ ہر سماعت پر ریکارڈ پیش کرنے کا وعدہ کرنے کے باوجود اسے کیوں جمع نہیں کرایا جاتا۔
بعد ازاں عدالت نے دلائل سننے کے بعد ضمانت کی درخواستوں پر مزید سماعت 25 نومبر تک ملتوی کر دی۔