شہرِ قائد میں موسم سردی کی جانب بڑھ رہا ہے اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق موجودہ خنک موسم کی شدت آئندہ دنوں میں مزید بڑھ سکتی ہے۔ منگل اور بدھ کے روز شہر کا کم از کم درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ ہو سکتا ہے، جب کہ شہر پر زیادہ تر شمال مشرقی سمت، خصوصاً تھرپارکر کی جانب سے چلنے والی ہوائیں اثرانداز رہنے کا امکان ہے۔
صبح کے وقت فضاؤں میں ہلکی دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے، جبکہ صوبے کے میدانی علاقوں میں بھی صبح کے اوقات میں دھند چھا جانے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ محکمۂ موسمیات کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق آج صبح سب سے کم درجہ حرارت مٹھی میں 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔