ڈی ایس پی ٹریفک کراچی نے سیٹ بیلٹ کے استعمال سے متعلق نئی اور سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں ٹریفک قوانین کی مؤثر عملداری کے لیے نگرانی پہلے سے زیادہ سخت کر دی گئی ہے۔ ایک گفتگو کے دوران انہوں نے واضح کیا کہ اب ڈرائیور کے علاوہ گاڑی کی اگلی نشست پر بیٹھے مسافر کیلئے بھی سیٹ بیلٹ باندھنا قانوناً لازمی ہوگا، اور اس کی خلاف ورزی کی صورت میں فوری چالان کیا جائے گا۔
ڈی ایس پی نے مزید بتایا کہ ٹریفک قوانین کی دوسری بار خلاف ورزی کی صورت میں وہ جرمانہ بھی وصول کیا جائے گا جو پہلی خلاف ورزی کے دوران نوٹ تو کیا گیا تھا مگر چارج نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق یہ اقدام اس لیے ضروری ہو گیا ہے تاکہ ڈرائیورز ٹریفک قوانین کو سنجیدگی سے لیں اور سڑکوں پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے۔
انہوں نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی کہ کراچی میں دوسرے صوبوں کی گاڑیوں کے بارے میں ٹریفک پولیس کے پاس مکمل ریکارڈ دستیاب نہیں ہوتا، جس سے قانونی کارروائی میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔ ڈی ایس پی کے مطابق جعلی نمبر پلیٹس لگا کر گاڑی چلانے کی شکایات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اور ایسے معاملات پر سخت کارروائی کیلئے مانیٹرنگ مزید بڑھا دی گئی ہے۔