ایبٹ آباد میں ایک دردناک حادثہ پیش آیا جہاں مسافر وین گہری کھائی میں گرنے کے نتیجے میں باپ بیٹے سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ حادثہ ایبٹ آباد کے علاقے بیرن گلی کے قریب پیش آیا، جہاں تیز موڑ اور دشوار گزار راستے کے باعث وین بے قابو ہو کر کھائی میں جاگری۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی گاڑیاں فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دی گئیں اور امدادی عملے نے دشوار گزار علاقے میں پھنسے افراد تک پہنچنے کے لیے خصوصی آلات کا استعمال کیا۔ جائے حادثہ کی مشکل صورتحال کے باوجود ریسکیو اہلکاروں نے جان بحق افراد اور زخمی شخص کو کھائی سے نکال کر اسپتال منتقل کیا۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ حادثے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق شاہراہ پر پھسلن اور وین کا توازن بگڑنا ممکنہ عوامل ہو سکتے ہیں۔ جاں بحق افراد میں باپ اور اس کا کم سن بیٹا بھی شامل ہیں، جس نے علاقے کی فضا سوگوار کر دی۔