سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اہم ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ اور اسٹریٹجک فوجی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا، جبکہ دفاعی تعاون، سیکیورٹی اشتراک اور انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات کے فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے مختلف شعبوں میں سعودی افواج کے ساتھ پاکستان کے تعاون کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
جی ایچ کیو آمد پر سعودی چیف آف جنرل اسٹاف نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے، جبکہ پاک فوج کے دستے نے انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔