کراچی میں ای چالان سسٹم کے نفاذ کو 30 روز گزر چکے ہیں، اور اس دوران شہر بھر میں ٹریفک قوانین کی مختلف خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 93 ہزار سے زائد چالان جاری کیے گئے۔ کیمرہ مانیٹرنگ اور ڈیجیٹل ٹریکنگ کے ذریعے خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ٹریفک پولیس نے پہلے مہینے میں بڑی تعداد میں ڈرائیوروں کو جرمانے کیے۔
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ 57 ہزار 541 چالان سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کے باعث کیے گئے، جبکہ 22 ہزار 227 موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ نہ پہننے پر چالان کیا گیا۔ ڈمپر، ٹریلر اور واٹر ٹینکرز میں نصب اسپیڈ ٹریکر کے ذریعے تیز رفتاری کی بنیاد پر ایک ہزار 188 گاڑیوں کو جرمانہ ہوا، جب کہ دیگر گاڑیوں میں اس نوعیت کے 2 ہزار 699 چالان ریکارڈ کیے گئے۔
ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کے مجموعی طور پر 3 ہزار 102 چالان کیے گئے، جبکہ فینسی نمبر پلیٹس کے باعث 1 ہزار 278 اور رنگین شیشوں والی گاڑیوں پر 1 ہزار 178 چالان جاری ہوئے۔ اس کے علاوہ 611 ڈرائیورز کو اسٹاپ لائن کی خلاف ورزی اور 426 موٹر سواروں کو رانگ وے پر گاڑی چلانے پر جرمانہ کیا گیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق پہلے مہینے میں سیٹ بیلٹ نہ لگانے پر 57 کروڑ 54 لاکھ 10 ہزار روپے، ہیلمٹ کی خلاف ورزی پر 11 کروڑ 11 لاکھ 35 ہزار روپے اور رنگین شیشے رکھنے پر 2 کروڑ 94 لاکھ 50 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے، جو مجموعی طور پر سسٹم کی مؤثر نگرانی کو ظاہر کرتے ہیں۔