کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی مثبت رحجان برقرار رہا، اور ہنڈرڈ انڈیکس ایک بار پھر تیزی کے ساتھ 1 لاکھ 62 ہزار کی سطح سے اوپر چلا گیا۔ مارکیٹ کے آغاز ہی سے سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کے باعث شیئرز میں نمایاں خریداری ہوئی جس کے نتیجے میں انڈیکس میں 600 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ابتدائی سیشن میں 100 انڈیکس 1 لاکھ 62 ہزار 316 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز کی کمی کے بعد ایک مضبوط ریکوری تصور کی جا رہی ہے۔ گزشتہ کاروباری سیشن کے اختتام پر انڈیکس 291 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 1 لاکھ 61 ہزار 692 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، تاہم آج کے آغاز پر سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی نے مارکیٹ کو دوبارہ اوپر کی سمت دھکیل دیا۔
دوسری جانب کرنسی مارکیٹ میں بھی روپے نے ڈالر کے مقابلے میں معمولی بہتری دکھائی۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 7 پیسے سستا ہوا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 280 روپے 50 پیسے ریکارڈ کی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق ڈالر کی قدر میں یہ معمولی کمی مارکیٹ میں مثبت جذبات کو مزید تقویت دے رہی ہے۔