مانسہرہ: ضلعی انتظامیہ نے وادیٔ کاغان کے راستے خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے درمیان ہر قسم کے سفر پر آئندہ گرمیوں تک مکمل پابندی عائد کردی ہے۔ یہ فیصلہ شدید سرد موسم، برف باری اور پہاڑی راستوں میں بڑھتے خطرات کے باعث کیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ حضرت خان نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ مسافروں، ڈرائیوروں اور سیاحوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے گلگت بلتستان کی طرف سفر مکمل طور پر روکا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پابندی ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ اداروں کے مشترکہ اجلاس میں عائد کی گئی۔
اے سی بالاکوٹ کے مطابق گلگت بلتستان کے ضلع چلاس کی انتظامیہ بھی مکمل رابطے میں ہے اور مانسہرہ–ناران–جلکھڈ روڈ پر آمدورفت بند کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سخت موسمی حالات کے پیش نظر سیاحوں کو صرف صبح 11 بجے سے دوپہر 3 بجے تک چین والے ٹائروں کے ساتھ بٹا کنڈی اور جھیل سیف الملوک تک جانے کی اجازت ہوگی، کیونکہ اس وقت کے علاوہ برفیلے راستوں پر ڈرائیونگ انتہائی خطرناک ہو سکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ناران تک سفر ابھی کھلا ہے، تاہم ناران سے آگے بٹھاکنڈی، براوائی اور ملحقہ بالائی علاقوں میں مقامی آبادی سخت سردی کے باعث موسمی ہجرت کر رہی ہے، باقی لوگ بھی اگلی برف باری کے بعد منتقل ہوجائیں گے۔