کراچی: دھابیجی گرڈ اسٹیشن پر سالانہ مرمتی سرگرمیوں کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی سپلائی عارضی طور پر معطل ہوگئی ہے، جبکہ حکام نے خبردار کیا ہے کہ کراچی کو 100 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے دھابیجی سب اسٹیشن اور گرڈ اسٹیشن کی سالانہ مینٹیننس کا شیڈول واٹر کارپوریشن کو ارسال کر دیا تھا، جس کے تحت آج جمعرات، 27 نومبر کو صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک بارہ گھنٹے کا شٹ ڈاؤن جاری رہے گا۔ اس دوران متعدد فیڈرز پر بجلی کی فراہمی جزوی طور پر معطل رہے گی، جس سے پمپنگ سسٹم متاثر ہوگا۔
واٹر کارپوریشن کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے کراچی کو یومیہ 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے، تاہم شٹ ڈاؤن کے سبب یہ مقدار عارضی طور پر کم ہوکر تقریباً 550 ملین گیلن رہ جائے گی، جو شہر کے مختلف علاقوں میں قلت کا باعث بن سکتی ہے۔
پانی کی کم فراہمی سے خاص طور پر لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل کالونی کے رہائشی متاثر ہوں گے، جبکہ ڈیفنس، چنیسر ٹاؤن، جناح ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد اور گلبرگ ٹاؤن میں بھی سپلائی جزوی طور پر متاثر رہنے کا امکان ہے۔
واٹر کارپوریشن اور کے الیکٹرک نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پانی کا ذخیرہ کرلیں اور غیر ضروری استعمال سے گریز کریں تاکہ عارضی کمی کے دوران مشکلات نہ ہوں۔