بلوچستان کے سرد اضلاع میں موسمِ سرما کے آغاز کے ساتھ ہی اسکولوں کی بندش اور تعطیلات کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت صوبے کے پہاڑی علاقوں میں تمام سرکاری تعلیمی ادارے 16 دسمبر سے ڈھائی ماہ کے لیے بند رہیں گے۔ حکام کے مطابق سرکاری تعطیلات 23 دسمبر 2025 سے شروع ہو کر 11 جنوری 2026 تک جاری رہیں گی، جب کہ تعلیمی سرگرمیاں 13 جنوری 2026 سے دوبارہ بحال ہوں گی، جس دن نئے تعلیمی سال کا باقاعدہ آغاز بھی ہوگا۔
ادھر خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں اسکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق اب تمام سرکاری و نجی اسکول صبح 9 بجے کھولے جائیں گے اور دوپہر 2 بجے تک کلاسز جاری رہیں گی، جبکہ جمعہ کے روز اسکول صرف دوپہر 12 بجے تک کھلے رہیں گے۔ یہ فیصلہ گزشتہ روز پیش آنے والے افسوسناک حادثے کے بعد کیا گیا، جس میں شدید دھند کے باعث اسکول وین اور ٹرک کے تصادم میں دو بچے جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اوقات کار میں تبدیلی بچوں کی حفاظت اور والدین کے تحفظات کے پیشِ نظر عوامی مفاد میں کی گئی ہے۔
اسی دوران کاغان کے مرکزی بازار میں ایک بڑا سانحہ پیش آیا، جہاں ایک ہوٹل میں آگ لگنے سے 50 کمروں پر مشتمل عمارت مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی۔ امدادی کارکنوں کے مطابق آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ بیشتر سامان اور ڈھانچے کو بچایا نہ جا سکا۔ حکام کا کہنا ہے کہ نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور آگ لگنے کی وجہ کی تفتیش جاری ہے۔