اسلام آباد: چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) راشد محمود لنگڑیال نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت کے بعد تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکسوں میں ریلیف سے متعلق کام باضابطہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے، تاکہ اس طبقے پر موجود ٹیکس بوجھ میں مرحلہ وار کمی لائی جا سکے۔
پاکستان بزنس کونسل کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ وزیراعظم نے بڑی کمپنیوں پر عائد سپر ٹیکس میں کمی کے لیے بھی واضح ہدایات جاری کی ہیں، جس پر عمل درآمد کے لیے حکومتی سطح پر مشاورت کا عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ ملک میں ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافہ ٹیکس ریٹ میں کمی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ ٹیکس نیٹ جتنا وسیع ہوگا، ٹیکس شرح کو اسی تناسب سے کم کیا جا سکے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت آئندہ مراحل میں بڑی کمپنیوں اور کاروباری اداروں پر سپر ٹیکس کو مرحلہ وار کم کرنے اور بالآخر اسے مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے تیار ہے، تاکہ کاروباری لاگت میں کمی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔